بھٹکل24جون (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے پورورگا میں اور مینگلور کے کوٹار چوکی پر جمعرات صبح جانوروں سے بھری ایک ایک سواری کو پولس نے ضبط کرلیا ہے اور گاڑیوں پر سوار جملہ 25 جانوروں کو ضبط کرلیا ہے۔
بھٹکل میں جانوروں سے بھری سواری کے ساتھ ساتھ پولس نے تین لوگوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے جن کی شناخت کنداپور تعلقہ کےعاشق ناصر، نیرل کٹے کے عادل ابراہیم اور بھٹکل صدیق اسٹریٹ کے محمد ابراہیم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بھٹکل پولس نے بتایا کہ یہ لوگ گاڑی پر بغیر کسی پرمٹ پیپر کے15 جانوروں کو لاد کر بھٹکل لارہے تھے، جسے ضبط کرلیا ہے۔
سرکل پولس انسپکٹر پرشانت نائک کی قیادت میں پی ایس آئی پرمیشورسیت سندی نے یہ کاروائی انجام دی۔
اُدھر مینگلور سے موصولہ اطلاع کے مطابق جانوروں سے بھری ایک لاری مینگلور کے کوٹار چوکی پر ضبط کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ لوگ اسکورپیو کار پر دس جانوروں کو لاد کر شہر میں داخل ہورہے تھے کہ مصدقہ اطلاع پر پولس نے متعلقہ سواری کو صبح قریب چار بجے روک دیا اور دس جانوروں کو برآمد کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ کار پر سوار ملزمین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مینگلور میں جانوروں سے بھری کار کوضبط کرنے کی کاروائی میں کدری پولس تھانہ کے انسپکٹٹر ماروتی نائک، بندر تھانہ کے انسپکٹر شانتارام اور اُروا انسپکٹر روی نائک اور دیگر حکام موجود تھے۔